تہران : ایران کے بعض ساحلی اضلاع میں حالیہ عرصے کے دوران سمندری ٹڈیوں نے حملہ کردیا جس کا الزام ایرانی عہدیدار نے سعودی عرب پر عائد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے ایک سینیر عہدیدار نے الزام عاید کیا ہے کہ سعودی عرب نے ایران پر ٹڈیاں چھوڑی ہیں جنہوں نے خلیج عرب کے ساحل سے متصل علاقوں میں فصلیں تباہ کردیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایران کے انسداد آفات و تحفظِ نباتات کے ڈائریکٹر جنرل سعید معین نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ سعودی مملکت شرارتی طریقوں پر عمل پیرا ہے اور اس نے ٹڈیوں کا رخ ایران کی طرف موڑ دیا تاکہ ایرانی فصلوں کوتباہ کیا جاسکے۔
اایرانی عہدیدار کے اس عجیب بیان پر سوشل میڈیا پر اس کا خوب مذاق اڑایا جا رہا ہے،زرعی امور کے ماہر فرھاد طالشی نے سعید معین کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لندن سے شائع ہونے والے ایک اخبار نے لکھا ہے کہ ٹڈیوں کا حملہ ایک عام آفت ہے جس کا سعودی عرب کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صحرائی ٹڈیاں رطوبت والے علاقوں سے اٹھتی ہیں، یہ زیادہ تر بحیرہ روم کے اطراف کے ممالک، مصر اور سوڈان کے صحرائی علاقوں سے نکلتی ہیں۔ ان کا سعودی عرب کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
خیال رہے کہ حالیہ عرصے کے دوران ایران کے 6 ساحلی اضلاع پر بحری ٹڈیوں نے یلغار کردی، یہ یلغار ایک ایسے وقت میں کی گئی جب دوسری جانب ایران میں بارشوں کے باعث سیلاب نے ایرانی معیشت کو تقریبا ایک ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔