ریاض: سعودی عرب میں کم تنخواہ دینے والے سیکیورٹی اداروں سے معاہدے نہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ نے وزارتوں، سرکاری محکموں اور نیم سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کم تنخواہ دینے والے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ معاہدے نہ کیے جائیں۔
سرکاری نیوز ٹی وی الاخباریہ کا کہنا ہے کہ یہ ہدایت کابینہ کی طرف سے دی گئی ہے، کابینہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ کو کم سے کم 4500 ریال ماہانہ تنخواہ ملنی چاہیے، اس سے کم تنخواہ دینے والے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کسی قسم کا معاہدہ نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ وزارتوں، سرکاری اداروں، نیم سرکاری محکموں اور نجی شعبے میں وسیع پیمانے پر سیکیورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔
لیبر قوانین کے مطابق سیکیورٹی گارڈ سعودی شہری ہونا چاہیے اور اس کی کم سے کم تنخواہ متعین ہے۔