سعودی عرب (6 جنوری 2026): ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان حرمین شریفین جاتے ہیں جنہیں سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں مسلمان فریضہ حج اور عمرہ ادائیگی کے لیے حرمین شریفین جاتے ہیں، جہاں ادارہ امور حرمین کی جانب سے انہیں متعدد سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ تاہم اب وژن 2030 کے اہدف کے تحت سہولتوں کے حوالے سے نیا فریم ورک شروع کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اب مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں زائرین کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے قومی رضاکار اداروں کے تعاون سے معیاری سروسز فراہم کی جائیں گی۔
ادارہ امور حرمین کے بیان میں کہا گیا کہ اس سلسے میں ’ طبی ٹیم میں لائسنس یافتہ ہیلتھ کیئر پریکٹیشنرز اور پروفیشنل افراد کو شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد ہلال الاحمر کی ہدایات کے تحت معیاری خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔‘
اس سروس میں ایمبولینس سروس کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری اور مناسب طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایمرجنسی والینٹیئرز ایسوسی ایشنز، سعودی ہلال احمر کے تعاون سے طبی عملہ، ڈیوائسز اور ہنگامی سامان فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوں گی تاکہ فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر تیار اور فوری ردعمل کے قابل ہو سکیں۔
ادارہ حرمین کی جانب سے رضاکار تنظیموں کو ہدایت کی گئی کہ اگر وہ اس عمل میں تعاون کرنا چاہئیں تو اپنی معلومات سرکاری ای میل پر ارسال کرسکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


