مکہ مکرمہ (15 فروری 2026): سخت گرمی اور چلچلاتی دھوپ میں مسجد الحرام میں صحن ٹھنڈا رہتا ہے لیکن کیا آپ اس کی وجہ جانتے ہیں؟
سخت گرمی اور چلچلاتی دھوپ ہو تو وہ اپنے سامنے والی ہر چیز کو انگارہ بنا کر رکھ دیتی ہے اور اس کو چھونا بھی بعض اوقات بہت مشکل ہوتا ہے۔ تاہم حج وعمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے افراد کو یہ تجربہ ہوا ہوگا کہ انتہائی شدید گرمی اور چلچلاتی دھوپ میں بھی مسجد الحرام کا صحن مطاف ٹھنڈا رہتا ہے۔
ایسا نہ ہونے کی ایک خاص وجہ ہے اور وہ وجہ ہے صحن مطاف میں لگایا جانے والا خصوصی سنگ مرمر۔
طواف مسلمانوں کی وہ عبادت ہے جو بلاتخصیص دن اور رات جاری رہتا ہے۔ دوپہر کے وقت دھوپ میں مطاف کے صحن کو گرمی سے بچانے اور زائرین کے با آسانی طواف کرنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکومت نے خصوصی سنگ مرمر کا انتخاب کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق صحن مطاف میں وہ سنگ مرمر لگایا گیا ہے جو سورج کی روشنی جذب کر کے خود گرم ہونے کے بجائے اس کو منعکس کر کے ٹھنڈا رہتا ہے۔
اس کے لیے سرد علاقوں کا خصوصی سنگ مرمر درآمد کیا گیا۔ صرف درآمد ہی نہیں کیا بلکہ اس کو خاص طریقے سے صحن میں نصب کیا گیا۔
صحن میں مخصوص سنگ مرمر کی سلیٹوں کو اس طرح نصب کیا گیا ہے کہ ایک سلیٹ سے دوسری کے درمیان ہوا کے گزرنے کی جگہ رکھی گئی جس کی وجہ سے صحن کو مستقل بنیادوں پر ٹھنڈا رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


