The news is by your side.

Advertisement

سعودی عرب: مسافروں پر نئی پابندی عائد کردی گئی

ریاض: سعودی عرب میں اندرون ملک سفر کے لیے مسافروں پر کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لینے کی پابندی آج سے عائد کردی گئی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں اندرون ملک سفر کرنا ہے تو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا شرط ہوگی، اس پابندی پر آج سے اطلاق ہوگیا، شہری سفر کے لیے مکمل ویکسینیشن کروائیں۔

سعودی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ سفر کیلئے ویکسین کی دو خوراکوں کی شرط پر آج سے عمل درآمد شروع ہوچکا ہے۔

ایئرلائن نے وضاحت کی ہے کہ اس شرط سے وہ افراد مستثنیٰ ہوں گے جن کی عمر 12 سال سے کم ہے، وہ مسافر جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لیں وہ آج سے لوکل پروازوں پر سفر نہیں کرسکیں گے۔

اس پابندی سے بچوں کے علاوہ وہ افراد بھی مستثنیٰ ہیں جنہیں سعودی عرب کے صحت کے محکمے استثنیٰ دے چکے ہیں۔ اندرون ملک سفر کے خواہشمندوں سے ٹکٹ بک کراتے وقت ’توکلنا‘ ایپ پر اپنا سٹیٹس چیک کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سعودی حکام نے مکمل ویکسینیشن کروانے کی شرط کا اعلان پہلے ہی کردیا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں