رمضان المبارک اور عید کی آمد کے موقع پر خریداری کا رجحان بڑھ جاتا ہے ان مواقع پر آن لائن خریداری کیلیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
دنیا بھر کے مسلمان استقبال رمضان کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس کی آمد میں اب ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے جب کہ اس کے بعد عید کا خوشیوں بھرا تہوار آئے گا۔
ماہ مقدس اور عید کے لیے مسلم ممالک میں خریداری میں اضافہ ہو جاتا ہے جب کہ آج کل آن لائن خریداری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں آن لائن خریداری کرنے والے صارفین کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی اور آن لائن مارکیٹنگ کونسل نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان اور عید الفطر کے موقع پر آن لائن خریداری بروقت مکمل کریں تاکہ تاخیر سے بچا جا سکے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے آن لائن اور مارکیٹ رمضان سیل سیزن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جس میں 50 لاکھ سے قریب اشیا پر رعایت دی جا رہی ہے۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور آن لائن مارکیٹنگ کونسل نے کہا کہ ’ماہ رمضان کے دوران آن لائن خریداری کے رجحان میں اضافے سے لاجسٹک سروسز پر بھی دباو بڑھ جاتا ہے۔‘ رمضان کے آخری دنوں میں خاص طور پر ازدحام کے باعث اس بات کا خدشہ ہوتا ہے کہ سامان کی ترسیل میں تاخیر ہو جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


