ریاض: سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ایک سعودی شہری اور چار غیر ملکی تارکینِ وطن (ایکسپیٹریٹس) کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں بھاری جرمانے اور قید کی سزائیں سنادیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے بغیر حج پرمٹ کے 7 افراد کو مکہ مکرمہ منتقل کرنے کی کوشش کی تھی۔
حج سیکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر چیکنگ کے دوران ان خلاف ورزی کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ جس کے بعد وزارت داخلہ کی سیزنل ایڈمنسٹریٹو کمیٹیوں نے ان کے خلاف فوری انتظامی فیصلے جاری کیے۔
وزارت داخلہ کے مطابق، غیر قانونی طور پر لوگوں کو منتقل کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور اس جرم میں معاونت کرنے والے افراد کے خلاف درج ذیل سزاؤں کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرانسپورٹرز اور ملوث افراد پر 1,00,000 (ایک لاکھ) سعودی ریال تک کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جرمانے کے ساتھ ساتھ مجرموں کو قید کی سزا بھی بھگتنا ہوگی۔
حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے نام انھی کے ذاتی خرچے پر مقامی میڈیا میں شائع (پبلک) کیے جائیں گے۔ غیر قانونی ٹرانسپورٹیشن میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو بحقِ سرکار ضبط کرنے کے لیے عدالتی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
کمیٹی نے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ بغیر پرمٹ کے حج کی کوشش کرنے والے ان 7 مسافروں کو بھی سزا سنائی ہے، بغیر اجازت نامے کے حج کی کوشش پر ان افراد کو 20,000 سعودی ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سعودی عرب میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان
غیر ملکی تارکینِ وطن کو سزا کی مدت پوری ہونے کے بعد فوری طور پر سعودی عرب سے بیدخل (ڈی پورٹ) کر دیا جائے گا۔
مملکت سے بیدخلی کے بعد ان پر مملکت میں دوبارہ داخلے کے لیے 10 سال کی طویل پابندی عائد ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


