ریاض: وزیراعظم شہباز شریف کے ہوائی جہاز کا سعودی فضائی حدود میں ایف 15 لڑاکا طیاروں نے حصار میں لے کر شاندار استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے، جہاں ان کے ہوائی جہاز کو سعودی فضائی حدود میں ایف-15 لڑاکا طیاروں نے حصار میں لے کر شاندار استقبال کیا۔
ریاض کے ڈپٹی گورنر اور اعلیٰ حکام نے رائل ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستانی سفیر احمد فاروق بھی استقبال کے لیے موجود تھے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، مصدق ملک اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم اور ڈپٹی گورنرشہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاک سعودی عرب تعلقات اور دو طرفہ تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات، نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات اور خطے سمیت عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


