ریاض : سعودی عرب کے علاقے عرعر میں گیارہ سالہ سعودی بچے مالک الرویلی نے گھر میں لگی آگ سے ایک بچی کو بچالیا جبکہ پانچ سالہ بچے کو بچانے کی کوشش میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مالک الرویلی کے والد نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو اسکول چھوڑنے جارہا تھا، عرعر کے الریان محلے میں ناشتہ لینے کے لیے رک گیا۔ اسی دوران ریستوران سے متصل گھر سے دھواں اٹھتا نظر آیا، ایک خاتون مدد کے لیے چلا رہی تھی۔
الرویلی کے باپ نے بتایا کہ میرا بیٹا اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر آگ کی لپیٹ میں آنے والے گھر میں داخل ہوا اورایک بچی کو جو سیڑھیوں پر بیٹھی تھی نکال کر باہر لے آیا پھر پانچ سالہ بچے کو نکالنے کے لیے دوبارہ گیا لیکن آگ اس وقت تک بہت زیادہ پھیل چکی تھی۔
مالک الرویلی کو دھوئیں کی وجہ سے گھر کے اندر موجود کوئی چیز نظر نہیں آرہی تھی، دھوئیں کے باعث اسے سانس لینے میں دشواری پیش آنے لگی اور وہ مشکل سے گھر سے باہر نکل سکا، جس کے باعث گھر کے اندر موجود پانچ سالہ بچے کو نہیں بچایا جاسکا۔
اسکول انتظامیہ نے مالک الرویلی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا اور اسے انعامات سے نوازا گیا۔ اسکول ٹیچر بندر الخمعلی نےاس موقع پر کہا کہ اپنے طالب علم کو اس کی جرات اورعزم پر سلام پیش کرتے ہیں۔