تازہ ترین

سعودی عرب : شاہ سلمان کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے

ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جدہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق منگل کو جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت اجلاس میں سعودی کابینہ نے تہذیبوں کے درمیان افہام و تفہیم کے فروغ اور انتہا پسندی کے انسداد کے حوالے سے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے جدہ پروجیکٹس مینجمنٹ آفس کو جدہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں تبدیل کرنے کی منظوری دی۔ مجلس انتظامیہ تشکیل دی گئی جس کی قیادت ولی عہد کریں گے۔

کابینہ کے اراکین کو سعودی عرب اور متعدد ملکوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ کابینہ میں اس ہفتے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی علاقائی و بین الاقوامی کانفرنسوں کے حوالے رپورٹیں پیش کی گئیں۔

اس کے علاوہ کابینہ نے کامن ویلتھ جزائر بہاماس کے ساتھ سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کے قیام کی منظوری دی، وزیر خارجہ کو اس حوالے سے پروٹوکول پر دستخط کا اختیار تفویض کیا۔

Comments

- Advertisement -