جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

اسٹیج ڈراموں سے متعلق سعودی خواتین کیلئے حکومت کا اہم اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : سعودی عرب میں پہلی بار تھیٹر کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں خواتین اداکارائیں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی، سعودی وزیر ثقافت کا کہنا ہے کہ حکومت تھیٹر کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں اسٹیج ڈراموں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا، اس سلسلے میں سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے کنگ فہد کلچرل سینٹر ریاض میں قومی تھیٹر کا افتتاح کیا۔

تقریب میں سعودی عرب اور عالم عرب میں تھیٹر آرٹ سے دلچسپی رکھنے والی شخصیات، دانشور اور فن کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ بدر بن عبداللہ نے کہا کہ وزارت ثقافت ملک میں تھیٹر کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، اسٹیج ڈراموں کے فنکاروں کو مزید مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

- Advertisement -

اس موقع پر قومی تھیٹر کے سربراہ اور معروف فنکار عبدالعزیز الاسماعیل نے کہا کہ سعودی تھیٹر اپنی آب و تاب کے ساتھ واپس آرہا ہے، اب خواتین اداکارائیں بھی خود کو اسٹیج پر بھی منوائیں گی۔

تھیٹر کلچر کو عام کرنے کے لیے مزید سرمایہ کاری بھی ہوگی، ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں قومی تھیٹرز کی خدمات اور تجربات کو مدنظر رکھ کر سعودی عرب میں تھیٹر کو فروغ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے 2016 کے بعد خواتین کو آزادیاں دینا شروع کیں اور گزشتہ چند سال میں خواتین کو جہاں ڈرائیونگ کی اجازت دی گئی، وہیں انہیں کسی بھی مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر بیرون ملک کا دورہ کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔

سعودی حکومت نے حالیہ چند سال میں خواتین کو مردوں کے ساتھ کام کرنے سمیت انہیں اداکاری کرنے کی اجازت بھی دی ہے جب کہ خواتین اب وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، سیکیورٹی اور سفارتی عہدوں سمیت دیگر عہدوں پر بھی کام کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں