سعودی عرب میں بادلوں کے دلفریب منظر کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاض میں غروب آفتاب کے وقت لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔
تصویر دیکھ کر بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کوئی پرندہ اُڑ رہا ہے اور اس کی پشت پر بچہ بیٹھا ہے۔
لیکن اس تصویر میں نہ تو کوئی پرندہ ہے اور نہ اس کی پیٹھ پر بچہ ہے یہ بادلوں کی غروب آفتاب کے وقت بننے والی ایک تصویر ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
سعودی عرب کے ایک فوٹو گرافر عبدالکریم الماجد نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ تصویر اس وقت لی تھی جب وہ قصیم روڈ پر اپنی گاڑی میں ثادق گورنری میں چھٹیاں گزارنے جا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس تصویر کو یادداشت کے طور پر رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن ان کے دوستوں نے اس کی خوبصورتی کی وجہ سے اسے شائع کرنے کا مشورہ دیا اور یہ سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی ہے۔
فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ مجھے اس تصویر کی اتنی مقبولیت کی توقع ہر گز نہیں تھی ٹویٹرز پر وائرل ہونے والی اس تصویر کو رواں سال کی بہترین تصاویرمیں شامل کیا جا رہا ہے۔
جبکہ کچھ صارفین نے ٹویٹ کی کہ بادلوں میں اس طرح کی شکلیں دیکھنے کی وجہ سائنسی زبان میں ایک نفسیاتی رجحان ہے جسے "پیریڈولیا” کہا جاتا ہے۔