جدہ: سعودی عرب کی جانب سے شامی حکومت اور کرد فورسز کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مملکت نے دمشق اور کرد شامی ڈیموکریٹک فورسز کے درمیان اس معاہدے کا خیرمقدم کیا جس کا اعلان شامی حکومت نے گزشتہ روز کیا۔
رپورٹس کے مطابق معاہدے کے تحت شامی ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کی تمام افواج کو وزارتِ دفاع اور وزارتِ داخلہ میں ضم کیا جائے گا اور اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ کرد فورسز کو دریائے فرات کے مشرق میں دوبارہ تعینات ہوں گی۔
14 نکاتی اس معاہدے کے تحت دیر الزور اور رقہ گورنریٹس کا فوری طور پر انتظامی اور عسکری کنٹرول بھی منتقل کر دیا جائے گا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس معاہدے کے تحت شامی ریاست خطے میں موجود تمام سرحدی گزرگاہوں، آئل فیلڈز اور گیس کے ذخائر کا دوبارہ کنٹرول حاصل کر لے گی۔
شامی حکومت اور کرد فورسز کا جنگ بندی پر اتفاق
شامی حکومت کو وسائل کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ سرکاری فورسز کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جائے گا اور ساتھ ہی کرد علاقوں کی خصوصی حیثیت کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


