ریاض : سعودی عرب کی کمپنی آرامکو نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کی بندش کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے عالمی تیل منڈیوں کے لیے "تباہ کن نتائج”ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی معروف پیٹرولیم کمپنی ‘آرامکو’ نے آبنائے ہرمز کی بندش اور خطے کی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جہاز رانی میں رکاوٹ کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے نتائج عالمی معیشت کے لیے تباہ کن ہوں گے۔
آرامکو کے چیف ایگزیکٹو امین الناصر نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ بحران خطے میں تیل اور گیس کی صنعت کو درپیش اب تک کا سب سے بڑا اور سنگین ترین بحران ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ تیل کی عالمی سپلائی متاثر نہ ہو۔ امین الناصر کا مزید کہنا تھا کہ یہ بندش جتنی طویل ہوگی، عالمی معیشت پر اس کے اثرات اتنے ہی شدید ہوں گے۔
دوسری جانب، مشرقِ وسطیٰ میں جغرافیائی کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھیں، جو 2022 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
تاہم، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ خطاب کے بعد عالمی منڈی میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور تیل کی قیمتوں میں 10 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے، جس سے عالمی اسٹاک مارکیٹس نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


