راولپنڈی: سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور علاقائی سیکورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر عادل الجبیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی، انھوں نے کہا کہ سعودی عرب ہر سطح پر پاکستان کی حمایت کرتا رہے گا۔
ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشکل حالات میں فروغ امن کے لیے سعودی وزیر کے کردار پر اظہار تشکر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی ملاقات
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا سچا دوست ثابت ہوا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی وزیر خارجہ آج پاکستان کے دورے پر پہنچے ہیں، انھوں نے وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتِ حال پر بات چیت کی گئی۔