تازہ ترین

سعودی عرب: اومیکرون کے خلاف موجودہ ویکسین مؤثر

ریاض: سعودی صحت حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے خلاف موجودہ ویکسین مؤثر ہیں، ابھی تک اس کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے نئے وائرس اومیکرون سے بچاؤ کے لیے کرونا ویکسین کے فعال ہونے سے متعلق سوال کا جواب دیا ہے۔

ترجمان نے اپنے ٹویٹر پر کہا کہ اومیکرون کے خلاف موجودہ ویکسین مؤثر ہیں، ابھی تک اس کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت صحت تمام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے، معاشرے کو معتبر اطلاعات کی فراہمی ہمارا فرض ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان نے مزید کہا کہ تمام لوگ حفاظتی تدابیر اختیار کریں، ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں جلد حاصل کرلیں۔ سب کے تحفظ کا اہم ترین ذریعہ یہی ہے۔

خیال رہے کہ ترجمان نے اس سے قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اب مملکت میں 22 ملین سے زیادہ افراد ایسے ہیں جو کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہیں جن میں سعودی اور غیر ملکی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ بڑی تعداد میں لوگ بوسٹر ڈوز بھی لگوا چکے ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ مملکت میں وائرس کا مدافعتی نظام بہترین ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی نئی شکلوں سے بچاؤ میں ویکسین کا کردار اہم ہے، تمام لوگ حفاظتی تدابیرکی پابندی کریں اور پرہجوم مقامات سے دور رہیں۔

Comments

- Advertisement -