ریاض: سعودی عرب میں ایک زیر تعمیر عمارت پر کام کرنے والے نوجوان کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا، اونچائی سے گرنے کے بعد اس کے جسم میں سریے آر پار ہوگئے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ میں زیر تعمیر عمارت کے عارضی اسٹرکچر سے گرنے والے سعودی نوجوان کے جسم سے سریے آر پار ہو گئے۔ نوجوان کو فوری طور پر آپریشن کے لیے اسپتال میں داخل کردیا گیا۔
سعودی نوجوان کو پہلے کنگ فیصل اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا، سریے نوجوان کے سینے میں گھس کر جسم کے پار ہوگئے تھے۔ فوری طور پر اسے مکہ کنگ عبد اللہ میڈیکل سٹی ایمرجنسی وارڈ پہنچا دیا گیا۔
وہاں اسپیشلسٹ سرجنز کی ٹیم نے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا اور کئی ایکسرے کیے گئے۔
سعودی ڈاکٹر، ڈاکٹر عمرو کی قیادت میں سرجنز کی ٹیم نے دل کے اطراف میں خون صاف کیا، پھر سرجنوں کی دوسری ٹیم نے ڈاکٹر ایہاب الحسینی کی قیادت میں نوجوان کا آپریشن کیا۔
آپریشن کے بعد نوجوان کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کردیا گیا، اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
خیال رہے کہ کنگ عبد اللہ سٹی مکہ میں اسپیشلسٹ سرجن سینٹر اس طرح کے پیچیدہ اور نادر آپریشنز میں کمال رکھتا ہے۔
میڈیکل سٹی عالمی معیار کا ہے جہاں جدید ترین مشینیں اور اعلیٰ استعداد و تجربے کے مالک ڈاکٹرز تعینات ہیں، کنگ عبد اللہ میڈیکل سٹی مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔