منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

سعودی نوجوان نے والد کی بیماری دیکھ کر گردہ عطیہ کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی نوجوان نے گردے کے مرض میں مبتلا والد کو اپنا گردہ عطیہ کردیا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق والدین کے ساتھ احسن سلوک اور خدمت کے اصول پر عمل پیرا نوجوان نے اپنا گردہ والد کو عطیہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق نوجوان کے والد طویل عرصے سے گردے کے مرض میں مبتلا ہیں۔ مقامی جریدے ’عکاظ ‘ کے مطابق سعودی عرب کے شمالی علاقے کی رفحا کمشنری میں مقیم نوجوان ضیف اللہ الشمری اپنے والد جو کہ گردے کے مرض میں میں مبتلا تھے اُن کے حوالے سے ہمیشہ پریشان رہتا تھا۔

معمر والد کو ہر ہفتے ڈائیلاسیس سینٹر لے جانے اور وہاں تکلیف دہ عمل سے گزرتا دیکھ کر الشمری نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنا گردہ والد کو عطیہ کردے گا تاکہ انہیں اذیت سے نجات مل سکے۔

ضیف اللہ نے گردہ عطیہ کرنے کے لیے ڈاکٹرز سے رجوع کیا جنہوں نے تمام ضروری ٹیسٹ کرنے کے بعد مطلع کیا کہ وہ اپنا گردہ والد کو عطیہ کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: احسان فراموش شوہر نے گردہ عطیہ کرنے والی بیوی کو جیل بھجوا دیا

میڈیکل رپورٹ ملنے اور ڈاکٹروں سے مشورہ کرنے کے بعد نوجوان نے اپنے والد کو مطلع کیا جو بیٹے کے جذبے کودیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔ الشمری کا کہنا تھا کہ میں ڈاکٹر کے بتائے گئے مقررہ دن پر ریاض کے شاہ عبدالعزیز میڈیکل سٹی اسپتال پہنچا جہاں ڈاکٹر نے ٹرانسپلانٹ کر کے میرا گردہ والد کو لگا دیا۔

اس ضمن میں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ آپریشن کامیاب رہا جلد ہی دونوں صحت یاب ہوجائیں گے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ والد اور صاحبزادے کا بلڈ گروپ ایک ہونے کی وجہ سے کوئی پیچیدگی نہیں آئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں