کراچی: سپریم کورٹ کی جانب سے حکم جاری ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے دو ڈیمز دیامیر بھاشا اور مہمند کی تعمیر کے لیے فنڈز قائم کردیے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عطیات جمع کرانے کے لیے اکاؤنٹس کھول دیے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ڈیمز کی تعمیرات کے حوالے سے اکاؤنٹس کھول دیے جو دیامیر بھاشا اور مہمد فنڈ کے نام سے کھولے گئے ہیں، اعلامیے کے مطابق تعمیرات کے لیے فنڈمیں ملکی وغیرملکی کرنسی کی صورت میں چندہ وعطیات جمع کرائےجاسکیں گے۔
ایس بی پی کے مطابق اکاؤنٹس میں عالمی ڈونرز چندہ اورعطیات دے سکیں گے جبکہ فنڈز میں کیش،چیک، پرائزبانڈ اور سوناچاندی کی شکل میں عطیات بھی جمع کرائے جاسکیں گے۔
اسٹیٹ بینک کےفیلڈدفاترمیں فنڈاکاؤنٹس قائم ہوگئے جبکہ دیگر بینکوں کو بھی اس ضمن میں ہدایات جاری کردی گئی ہیں، فیڈرل ریزرور بینک آف نیویارک میں بھی اکاؤنٹ کھول دیاگیا۔
مزید پڑھیں: چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کیلئے 10لاکھ روپے کا عطیہ جمع کرادیا
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان نے دیامیر بھاشا اور مہمند کو فوری تعمیر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے فنڈز قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کو فنڈز جمع کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
چیف جسٹس کی تحریک نے اثر دکھایا اور فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا نے ڈیمز کی حمایت کرتے ہوئے جسٹس ثاقب نثار کے نام خط لکھا اور کہا کہ بھاشا کی تعمیر کیلئے ہرقسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھاشا اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر اور کالا باغ کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا حکم
اسے بھی پڑھیں: ہم رہیں نہ رہیں، ڈیم ضرور بنے گا، چیف جسٹس
پیر پگارا کے بعد میئر کراچی بھی میدان میں آئے اور وسیم اخترنے اپنی اور کے ایم سی افسران کی طرف سے ایک ایک لاکھ روپے فنڈ عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
فنانس ڈویژن نے ایک قدم مزید آگے بڑھاتے ہوئے دیامربھاشا ڈیم فنڈز قائم کرنے کے لیے مختلف اداروں کو خط لکھا تھا جس میں آڈیٹر جنرل، کنٹرولرجنرل اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان اور دیگر اداروں کے حکام سے لوگوں کی رقوم اسٹیٹ بینک اورنیشنل بینک کی برانچزمیں جمع کرنے کا انتظامات اور اقدامات کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈیمز کی تعمیر سے متعلق مختصر لیکن تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا تھا کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فوری طور پر تعمیر کیے جائیں۔