منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کا 16 فروری سے پہلے آنکھ کا معائنہ اور بچوں سے فون پر بات کرانے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا سولہ فروری سے پہلے آنکھ کا معائنہ اور بچوں سے فون پر بات کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی جیل میں صحت اور سہولتوں سے متعلق رپورٹ پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

فرینڈ آف کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ ان کی 10 فروری کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، جس کے بعد رپورٹ مرتب کی گئی۔

انہوں نے عدالت میں رپورٹ کی سفارشات بھی پڑھ کر سنائیں اور مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق فوری مداخلت کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں حفاظتی اقدامات اور کھانے پینے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تاہم طبی معائنے سے متعلق سفارش کی گئی کہ یہ کسی فیملی ممبر کی موجودگی میں کرایا جائے، جسے سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان کی آنکھ کا چیک اپ 16 فروری سے پہلے کرایا جائے اور اس مقصد کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دی جائے۔

سپریم کورٹ نے یہ بھی حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپنے بچوں سے فون پر بات 16 فروری سے پہلے کرائی جائے۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت 16 فروری سے قبل بانی پی ٹی آئی کا دوبارہ طبی معائنہ کرائے گی اور بچوں سے فون پر بات بھی یقینی بنائی جائے گی۔

+ posts

راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں