پیر, نومبر 17, 2025
اشتہار

جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کا حکم معطل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کا حکم معطل کردیا اور انھیں بحال کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جوڈیشل ورک سے روکنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے جسٹس طارق محمود کو کام سے روکنے کا آرڈر معطل کرتے ہوئے انھیں بحال کردیا۔

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آفس، مرکزی درخواست گزار میاں داؤد، اسلام آباد بار کونسل اور ڈسٹرکٹ بار کی فریق بننے کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔

سماعت کے دوران جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ہمارے پاس کیس صرف ہائیکورٹ کے عبوری حکم تک محدود ہے، سپریم کورٹ پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے کہ کسی جج کو جوڈیشل ورک سے نہیں روکا جا سکتا، سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 18 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔

جسٹس شاہد بلال نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر اعتراضات موجود تھے، اس کے باوجود رٹ پٹیشن کو نمبر لگا دیا گیا۔ انہوں نے وکلا کو ہدایت دی کہ اس نکتے پر کل تیاری کے ساتھ آئیں۔

سماعت میں جسٹس طارق محمود جہانگیری نے عدالت کو بتایا کہ وہ آج ہی جا کر مقدمات سنیں گے، وکیل منیر اے ملک نے دلائل دیے کہ جسٹس جہانگیری کو کام سے روکنے کے حکم نامے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے اور قانون کو نظرانداز کیا گیا، یہ پہلا موقع ہے کہ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اپنے ہی جج کو عدالتی کام سے روکا ہے۔

منیر اے ملک نے کہا کہ جسٹس جہانگیری کے خلاف رٹ 10 جولائی 2024 کو دائر ہوئی تھی، ایک سال سے زائد گزرنے کے باوجود رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار ہیں، ہائیکورٹ میں ججز ٹرانسفر کے خلاف بھی آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت درخواست دائر ہوئی تھی، جسے درست قرار دیا گیا تاہم اپیل ابھی تک زیر سماعت ہے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق محمود کو عدالتی کام سے روکنے کا حکم جاری کیا تھا، یہ حکم ان کی بطور جج تقرری کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست پر ڈویژن بنچ نے جاری کیا تھا۔

+ posts

راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں