اسلام آباد : اسکالر ساحل عدیم حفاظتی ضمانت کےلیے اسلام آبادہائیکورٹ پہنچ گئے، ان کیخلاف کراچی سمیت دیگرشہروں میں مقدمات درج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف اسکالر ساحل عدیم کو مختلف شہروں میں درج مقدمات کے باعث گرفتاری کا خدشہ پیدا ہو گیا، جس کے بعد وہ حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے لیے خود اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے ہیں۔
ساحل عدیم نے اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی باقاعدہ درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی حساسیت اور گرفتاری کے فوری خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس درخواست پر آج ہی سماعت کی جائے۔
عدالت میں دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ساحل عدیم کے خلاف کراچی سمیت ملک کے دیگر مختلف شہروں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، درخواست گزار قانون کا سامنا کرنا چاہتے ہیں اور متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کے خواہشمند ہیں، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ عدالت پہنچنے سے قبل ہی پولیس انہیں گرفتار کر سکتی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انہیں مناسب وقت کے لیے حفاظتی ضمانت فراہم کی جائے تاکہ وہ متعلقہ صوبوں یا شہروں کی عدالتوں میں پیش ہو کر قانون کے مطابق اپنا دفاع کر سکیں۔


