بھارت کے شہر اعظم گڑھ میں اسکول کے بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی حرکتیں کرنے پر ٹیچر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سدھاری تھانے کی حدود میں واقع کمپوزٹ اسکول کے ہیڈ ماسٹر پر اسکول کے بچوں نے غیر اخلاقی حرکتیں کرنے کا الزام عائد کیا۔
اہل خانہ نے بچوں کی شکایت پر تھانے میں مقدمہ درج کرادیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہیڈ ماسٹر کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
بچوں کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر کے روز اسکول کو صفائی مہم کے نام پر کھولا گیا اور بچوں کو اسکول میں بلایا گیا، اس موقع پر ہیڈ ماسٹر آفتاب نے اسکول کے بعض بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی حرکتیں کیں، بچے جب گھر پہنچے تو انہوں نے اپنے والدین کو اس بارے میں بتایا۔
والدین بچوں کی شکایت لے کر اسکول پہنچے تو اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے والدین پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور انہیں دھمکیاں دینا شروع کردیں، جبکہ اسکول میں ایک ہنگامہ برپا ہوگیا۔
والدین نے پولیس سے رابطہ کرنے کا فیصلہ اور سدھاری تھانے پہنچ گئے اور اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔ والدین اور بچوں کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے اسی قسم کی حرکتیں کی تھیں۔
اُس وقت ہیڈ ماسٹر کو معافی مانگنے پر چھوڑ دیا گیا تھا، بچوں کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ اسکول کا ہیڈ ماسٹر اس طرح کی حرکتوں کا عادی ہے، اسے سخت سزا ملنی چاہئے۔