لاہور : پنجاب میں تعلیمی ادارے 24 اگست سے دوبارہ کھولنے کا اعلان کردیا گیا اوراسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ تدریسی عمل شروع ہونے سے قبل اسکولوں کا حتمی معائنہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد اسکول 24 اگست سے دوبارہ کھلنے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے متعلقہ حکام کو تمام تر انتظامات بالخصوص صفائی، سیکیورٹی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت کر دی ہے۔
SCHOOL NEWS FROM ARY NEWS
سیکریٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب مدثر ریاض نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کردیا جن میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ موسم گرما کی چھٹیاں مزید بڑھائی جاسکتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب بھر میں تعلیمی سرگرمیاں 24 اگست سے معمول کے مطابق بحال ہوجائیں گی اور موسم گرما کی تعطیلات میں مزید توسیع کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔
وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے تمام اسکولوں میں پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پانی کی ٹینکیوں کی صفائی اور چھتوں کی ڈس انفیکشن کا حکم دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی بارشوں کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرینیج سسٹم کی انسپکشن اور ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مچھروں کی افزائش کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
اسکول کھلنے سے قبل تمام پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی وائرنگ کی مکمل چیکنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اسکولوں کے سی سی ٹی وی کیمرے اور دیگر سیکیورٹی آلات بھی فنکشنل ہونا لازمی ہیں۔
وزیرِ تعلیم نے اسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ تدریسی عمل شروع ہونے سے قبل اسکولوں کا حتمی معائنہ کریں، ان ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے، تاخیر یا غفلت برتنے کی صورت میں شدید قانونی و انتظامی کارروائی کی جائے گی۔


