لاہور : یکم فروری سے 10 فروری تک تعلیمی ادارے بند ہونے کی زیرِ گردش خبروں کی اصل کہانی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن گردش کررہا ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکول یکم فروری سے 10 فروری 2026 تک باسنت کے باعث بند رہیں گے تاہم یہ نوٹیفکیشن جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔
مبینہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو دس روز کے لیے ’’بسنت‘‘ کے موقع پر بند رکھا جائے گا جبکہ پتنگ بازی کے لیے اسکولوں کی چھتیں لیز یا نیلام کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں ضلعی تعلیمی اتھارٹیز کے سی ای اوز، اسکول سربراہان اور دیگر افسران کو ہدایات پر مکمل عملدرآمد کا بھی کہا گیا ہے۔
تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، سرکاری ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں اسکول اپنے معمول کے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے اور بسنت کے حوالے سے کسی اضافی چھٹی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی بسنت کے باعث اسکول بند کرنے سے متعلق کوئی اعلان یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔
حکام نے والدین، طلبہ اور اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ غیر مصدقہ اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



