سائنسدانوں نے جسمانی کمزوریوں اور بیماریوں سے بچنے (سدابہار جوانی کے حصول) میں نمایاں پیشرفت حاصل کرنے کا دعویٰ کردیا۔
امریکی بائیوٹیک کمپنی جینین ٹیک کی اس تحقیق میں سائنس دانوں نے جین تھراپی کی ایک قسم کی مدد سے درمیانی عمر کے چوہوں کے عمر رسیدہ خلیات کو نیا کردیا جس سے وہ جانور زیادہ جوان نظر آنے لگے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ چوہوں پر آزمائے گئے طریقہ کار کو انسانوں پر اپنانا اتنا آسان نہیں ہوگا مگر تحقیق سے ایسی تھراپیز کو تشکیل دینے میں مدد ملے گی، جو بڑھتی عمر کے عمل کو سست رکھنے استعمال ہوسکے یا ایسے امراض جو بڑھتی عمر کیساتھ لاحق ہوتے ہیں جیسے کینسر، ہڈیوں کی کمزوری اور الزائمر وغیرہ کو روک سکے۔
تحقیقی ٹیم نے نوبیل انعام یافتہ جاپانی پروفیسر شینیا یاماناکا کے تحقیقی کام سے مدد حاصل کی جس میں ثابت ہوا تھا کہ 4 مالیکیولز کا امتزاج بالغ خلیات کو نوجوان اسٹیم سیلز میں بدل سکتا ہے جو لگ بھگ جسم کے تمام ٹشوز کو تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تھراپی کو 10 ماہ تک جاری رکھا جائے گا، اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل نیچر ایجنگ میں شائع ہوئے۔