قاہرہ : مصر سے تعلق رکھنے والے ایک غوطہ خور نے سمندر کے اندر طویل وقت گزار کر اسکوبا ڈائیونگ کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی غرض سے مصری غوطہ خور صدام الکیلانی145 گھنٹے یعنی(6 دن) سے زیادہ عرصہ تک بحیرہ احمر کے پانیوں میں رہے، ان کے اس کارنامے کا ایک مختصر سا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ 2016 میں ترکی سے تعلق رکھنے والے غوطہ خور نے قائم کیا تھا اور وہ زیرآب 142 گھنٹے 47 منٹ تک رہے تھے۔
صدام الکلیانی نے دہب نامی قصبے کے ساحل کے قریب بحیرہ احمر میں لگ بھگ 6 دن گزارے اور 2017 میں پانی اندر 121 گھنٹے کا اپنا ریکارڈ بہتر کرنے کے ساتھ ترک غوطہ خور کا عالمی ریکارڈ بھی توڑا۔
صدام الکلیانی نے پانی کے اندر 150 گھنٹے تک گزارنا چاہتے تھے مگر صحت کے خدشات کے حوالے سے انہیں 145 گھنٹے 30منٹ بعد باہر آنے کا کہا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان کے اس کارنامے کی ویڈیو اور دیگر دستاویزات کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو جمع کروا کے اسے عالمی ریکارڈ کی باضابطہ حیثیت دی جائے گی۔
مصری میڈیا کے مطابق اس ریکارڈ کے لیے صدام الکلیانی نے5 سال تک تربیت حاصل کی تھی۔ ریکارڈ کے ٹوٹنے کے موقع پر وہاں سینکڑوں افراد موجود تھے کیونکہ صدام الکلیانی نے اپنے ملک سے باہر اس چیلنج کو پورا کرنے سے انکار کیا تھا۔
یاد رہے کہ مصری غوطہ خور صدام الکلیانی حال ہی میں دنیا بھر میں میڈیا کی توجہ کا مرکز اس وقت بنے تھے جب رواں سال ستمبر میں انہوں نے زیرآب منگنی کی تھی۔