کراچی: پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے راشد منہاس روڈ پر آگ سے متاثرہ شاپنگ مال کا دورہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ آگ سے متاثرہ عمارت کو سیل کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی غلام اظفر مہیسر کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم نے متاثرہ مال کا معائنہ کیا، اس ٹیم میں ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر اور ایس پی گلشن ایاز حسین شامل تھے، اس موقع پر ایس ایچ او شارع فیصل اور مقدمے کے انویسٹی گیشن افسر نے تحقیقاتی ٹیم کو بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ آگ لگنے کے بعد عمارت کا اسٹرکچر مخدوش ہو گیا ہے، عمارت کو خالی کرا کر سیل کر رہے ہیں، انھوں نے کا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی نے کہا واقعے میں مجرمانہ غفلت کا پہلو بھی دیکھا جا رہا ہے، پولیس کو جو اطلاع ملی تھی اس کے مطابق ایف آئی آر درج کی گئی ہے، ہماری تفتیش میرٹ پر ہوگی، ہم ایڈیشنل آئی جی کراچی کو 7 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کر دیں گے، اور واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی آئی جی نے کہا جاں بحق افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، واقعے میں 11 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، یہ افسوس ناک واقعہ تھا، ذمہ داروں کا تعین کریں گے اور قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، انھوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کے ساتھ پولیس مل کر کام کرے گی۔