سینٹرل جیل کراچی میں طویل سرچ آپریشن، قیدیوں سے 35 لاکھ رقم برآمد rangers
The news is by your side.

Advertisement

سینٹرل جیل کراچی میں طویل سرچ آپریشن، قیدیوں سے 35 لاکھ رقم برآمد

کراچی: رینجرز، ایف سی اورپولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران سینٹرل جیل کی بیرکوں سے 35 لاکھ سے زائد نقد رقم، اسمارٹ موبائل فونزاور دیگر ممنوعہ سامان ضبط کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو قیدیوں کے فرار کے بعد سندھ رینجرز کی سربراہی میں پورے جیل میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران جیل کو مکمل بند کردیا گیا اور کسی قید کو بیرک سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی جب کہ قیدیوں سے طے شدہ ملاقاتیں بھی منسوخ کردی گئیں۔

زرائع کے مطابق چار روز سے جاری ایف سی، رینجرز اور پولیس کی اس مشترکہ کارروائی کو کراچی جیل کی تاریخ کا سب سے بڑا سرچ آپریشن کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا جس کے دوران جیل میں قید 7 ہزار قیدیوں کی جامہ تلاشی لی گئی جس میں سیاسی جماعتوں، کالعدم تنظیموں اور لیاری گینگ وار کے ملزمان شامل تھے۔

سیکیورٹی زرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران قیدیوں کے قبضے سے 35 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم، کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے بیرک سے 12، ایم کیو ایم کے بیرک سے 70 اور گینگ وار ملزمان کے بیرک سے 100 اسمارٹ فونز برآمد ہوئے۔

علاوہ ازیں مختلف بیرکس سے فریج ، ڈیپ فریزر اور فرنیچر کے علاوہ درجنوں ٹی وی بھی برآمد کئے ہیں جن میں سے صرف ایک بیرک سے 30 عدد ٹی وی برآمد ہوئے جب کہ ایم کیو ایم کے بیرک سے قیدیوں کا کچا راشن اور گیس سلنڈرز بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

سینٹرل جیل میں سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد بریگیڈیئرشاہد نے اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ جیل میں اپنی نوعیت منفرد آپریشن 25 سال بعدکیا گیا جس کے دوران قیدیوں کی بیرکس سمیت جیل کے ہرحصے کی تلاشی لی گئی اور 33 لاکھ سے زائد نقد رقم، درجنوں موبائل فونزاور دیگر الیکٹرونکس آلات برآمد کیے گئے۔

بریگیڈیئرشاہد کا کہنا تھا کہ قیدیوں نے جیل کی مختلف جگہوں پرموبائل فون جیمر کو توڑنے کے لیے ڈیوائسزلگائی تھیں جو 24 گھنٹے کے دوران مخصوص اوقات میں کام کیا کرتی تھیں اس کے علاوہ منشیات اور دیگر ممنوعہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے جس کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں کہ کس طرح یہ سامان بیرک تک پہنچے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 4 روز سے قیدیوں کے بیرکس سے نکلنے پر پابندی ہے اور قیدیوں کی پہلے سے طے شدہ ملاقاتیں بھی بند ہیں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں