ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس ویکسین کی دوسری خوراک کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کرونا ویکسین کی قومی مہم جاری رہے گی۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے کرونا وائرس ویکسین کی فراہمی میں تاخیر پر نیا شیڈول جاری کیا ہے، ریاض، جدہ، مشرقی ریجن اور مدینہ منورہ ویکسین سینٹرز کی جانب سے ویکسین کی دوسری خوراک کی سابقہ تاریخیں تبدیل کی گئی ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دوسری خوراک پہلی خوراک کے 6 ہفتے بعد تک لی جاسکتی ہے، ماہرین صحت اور ڈاکٹروں نے اس کی تائید کی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق ویکسین کی دوسری خوراک کے اوقات میں تبدیلی بحالت مجبوری کی گئی ہے، مشکل یہ ہو رہی ہے کہ ویکسین بنانے والی کمپنیاں ویکسین کی فراہمی کے سلسلے میں دی جانے والی تاریخوں میں مسلسل رد و بدل کر رہی ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین تیار کرنے والی کمپنی فائزر نے کہا ہے کہ وہ 15 فروری سے باقی ماندہ ویکسین کی فراہمی شروع کردے گی، کمپنی کی جانب سے یہ نئی تاریخ دی گئی ہے۔ کمپنی کئی ملکوں کو ویکسین مقررہ وقت پر برآمد نہیں کرسکی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اس سے قطع نظر کرونا ویکسین کی قومی مہم جاری رہے گی، مملکت کے تمام علاقوں میں ویکسین سینٹر کھولنے کا سلسلہ برقرار رہے گا۔