کراچی : مون سون کا دوسرا سسٹم ایسٹرن سندھ میں داخل ہوگیا ، رات گئے اس سسٹم کے اثرات کراچی میں بھی نمایاں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات سردار سرفراز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مون سون کا دوسرا سسٹم ایسٹرن سندھ میں داخل ہوچکا ہے ، سسٹم تھرپارکر ،عمرکوٹ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں موجود ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ رات میں اس سسٹم کے اثرات کراچی میں بھی نمایاں ہوں گے، کراچی کے بعض مقامات پر رات کو گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے اور ہیوی اسپیل کا بھی امکان ہے۔
مون سون سسٹم کے باعث آئندہ 24 سے 72گھنٹے کے دوران کراچی اور حب ڈیم کے گرد ونواح میں بارش متوقع ہے۔
اس حوالے سے ترجمان این ڈی ایم اے نے سندھ وبلوچستان کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
ترجمان نے حب ڈیم انتظامیہ کو اضافی پانی کا محفوظ اخراج یقینی بنانے کے اقدامات کی بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں حب ڈیم کےقریب آبادی کا بروقت انخلایقینی بنایا جائے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان و سندھ کےماہی گیرسمندر میں جانے سے گریز کریں۔