The news is by your side.

Advertisement

نئے کاروبار کے لیے فیسوں میں 60 فیصد کمی

کراچی: ایس ای سی پی نے نئے کاروبار کی ابتدا کے لیے فیسوں میں 60 فیصد کمی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ایس ای سی پی نے کارپوریٹائزیشن کے رجحان میں اضافے اور نئے کاروبار کی ابتدا میں سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر کمپنیز آرڈیننس 1984 کے چھٹے شیڈول میں دی گئی، سرمائے کی مد میں ادا کی جانے والی اور گوشواروں کی ادائیگی کی فیسوں میں 60 فیصد کمی کر دی ہے۔

ترجمان کے مطابق فیسوں میں کمی 31 مئی سے نافذ العمل ہوگی۔ نئی فیس کے تحت آن لائن سہولت استعمال کرتے ہوئے ایک نئی کمپنی صرف 2 ہزار روپے میں رجسٹرڈ کی جا سکے گی جبکہ مینول رجسٹریشن کی فیس 4 ہزار روپے ہوگی۔

اس وقت آن لائن کمپنی رجسٹریشن کی فیس 5 ہزار 550 روپے جبکہ مینول رجسٹریشن کی فیس 12 ہزار 300 روپے ہے۔ ان فیسوں میں ساٹھ فیصد کمی کر دی گئی ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کیے گئے ایس آر او کے مطابق سرمائے کی پہلی سلیب کی فیس کو 25 سو روپے سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ مینول طریقے سے جمع کی گئی درخواستوں کے لیے سرمائے کی پہلی سلیب کی فیس کو پانچ ہزار روپے سے کم کر کے دو ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

البتہ سرمائے کی آخری 2 سلیب کی فیسوں میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے جس کا چھوٹے سرمائے سے کاروبار شروع کرنے والوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں