اسلام آباد : ایس ای سی پی ڈیٹا لیک کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس ای سی پی محمد ارسلان ظفر نے ڈیٹا لیک کی تحقیقات کیلئے قائم تحقیقاتی کمیٹی کو کالعدم قرار دینےکی استدعا کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایس ای سی پی ڈیٹا لیک کی تحقیقات کیلئے قائم تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا،
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس ای سی پی محمد ارسلان ظفر نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 9 ستمبر کو جبری رخصت پر بھیجا گیا اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا گیا، 14 ستمبر کو ڈیٹا لیک پر تحقیقات کے حوالے سے تفصیلی جواب تحقیقاتی کمیٹی کو جمع کرایا۔
درخواست میں کہا گیا کہ ایڈیشنل جوائنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی ہارون الرشید کی تحقیقاتی کمیٹی میں شمولیت قوانین کے خلاف ہے ، تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ حقائق کے خلاف اور امکانات پر مبنی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں بھیجا گیا شوکاز نوٹ اور ایس ای سی پی ڈیٹا لیک کی تحقیقات کیلئے قائم تحقیقاتی کمیٹی کو کالعدم قرار دیا جائے۔