اسلام آباد : ایس ای سی پی نے کالعدم تنظیموں کو عطیات دینے پر پابندی عائد کرتے ہوئے جرمانے کا اعلان کردیا ہے جب کہ کالعدم تنظیموں سے منسلک افراد کے پر سفری پابندیاں بھی عائد ہوں گی.
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں اقوام متحدہ کی پابندی فہرست میں موجود تمام تنظیموں کو عطیات دینا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے.
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں پر ایک کروڑ روپے تک جرمانہ ہوگا اس کے علاوہ کالعدم تنظیموں اور ان سے منسلک افراد پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں اور افراد کے اثاثہ جات منجمد کردیئے گئے ہیں.
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کالعدم تنظیموں جن پر پابندی عائد کی گئی ہے میں حافظ سعید کی جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اقوام متحدہ کی پابندی فہرست میں شامل ہیں اس لیے ان پر بھی نوٹیفیکشن کا اطلاق ہوگا.
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ وفاق حکومت نے جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے مالی اثاثے ضبط کرتے ہوئے دونوں تنظیموں کا انتظام سرکاری تحویل میں لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے.
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی خصوصی رپورٹ میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے حافظ سعید کی سربراہی میں چلنے والی تنظیم جماعۃ الدعوۃ اور فلاحی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیش کا نظم و نسق سنبھالنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے.
رائٹرز نے یہ دعوی بھی کیا ہے اس بات کا فیصلہ 19 دسمبر کو ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا تھا جہاں صوبائی اور وفاقی حکومت کو دونوں تنظیموں کے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرکے سرکاری تحویل میں لینے کے لیے اقدامات کرنے کے احکامات دے دیے گئے.
دوسری جانب جماعتہ الدعوہ کے ترجمان نے اس قسم کے کسی اقدام سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے دونوں تنظیموں کے اثاثہ جات یا سرکاری تحویل میں لیے جانے کے حوالے سے کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا ہے.