گندم درآمد اسکینڈل پر وزیراعظم شہبازشریف نے ایکشن لیتے ہوئے سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی کو برطرف کر دیا۔
گندم امپورٹ کے معاملے پر وزیراعظم نے نوٹس لے لیا۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیکیورٹی محمد آصف کو عہدے سے ہٹا دیا۔
محمد فخرعالم کو سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی تعینات کر دیا گیا ہے جن کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت گندم کے ذخائر کی موجودہ صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے رواں سال گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے یقینی بنایا جائے کہ گندم کی خریداری میں کسی قسم کی دیر نہ ہو اور گندم کی خریداری سے متعلق ضروری اقدامات اٹھائےجائیں، کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ جلد پہنچایا جائے۔
وزیراعظم نے گزشتہ برس گندم کی درآمد پر وزارت قومی غذائی تحفظ سے استفسار کرتے ہوئے پوچھا کہ گزشتہ برس گندم کی اچھی پیداوار کے باوجود درآمد کا فیصلہ کیوں کیا گیا؟
وزیراعظم نے گندم کی درآمد سے متعلق انکوائری کمیٹی تشکیل دےدی۔ سیکرٹری کابینہ ڈویژن انکوائری کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔