لاہور : محکمہ داخلہ پنجاب نے اے آر وائی نیوز کی خبر پر کارروائی کرتے ہوئے آکسیجن کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف دفعہ 144 نافذ کردی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا گزشتہ دنوں لاک ڈاون میں نرمی کے دوران تیزی سے پھیلی ہے جس پر قابو پانے کےلیے حکومت کی جانب سے بیش بہا اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تو دوسری طرف ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی نے مریضوں کا جینا دوبھر کررکھا ہے۔
کرونا وائرس کے مریضوں کو آکسیجن سلینڈر کی شدید ضرورت ہے لیکن ذخیرہ اندوزوں سے قیمت بڑھانے کےلیے آکسیجن کی مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کردی ہے جس کے خلاف اے آر وائی نے خبر نشر کی تھی۔
محکمہ صحت پنجاب نے اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے پنجاب بھرمیں آکسیجن کی ذخیرہ اندوزی کےخلاف دفعہ144 نافذ کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ہیلتھ کیئرکی سفارش پر محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 نافذ کی ہے اور آکسیجن سلنڈر، ریگولیٹر، کنسنٹریٹر کی ذخیرہ اندوزی پر پابندی لگائی ہے۔
سیکریٹری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان وزیراعلیٰ پنجاب سہولتوں کی ازخود نگرانی کررہے ہیں، دفعہ 144 کے نفاذ سے ذخیرہ اندوزی روکنے میں مدد ملے گی۔
کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ دفعہ 144 کا نفاذ فی الفور ہوگا اور اگلے دو ماہ تک لاگو رہے گا۔