کراچی میں تیز ہواؤں کے پیش نظر کمشنر کراچی نے سمندر میں نہانے اور کشتی رانی پر پابندی عائد کردی۔
کمشنر کراچی کی جانب سے شہریوں کے تحفظ کےلیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کا اطلاق آج سے تین فروری تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہریوں کے سمندر میں نہانے اور کشتی رانی کرنے پر پابندی ہوگی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی میں تیز ہواؤں اور اندھی کا الرٹ جاری کیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار 36 سے 45 کلومیٹر تک چلنے کا امکان ہے،کبھی کبھی ہواوٴں کی رفتار 54 کلومیٹر فی گھنٹہ کو بھی چھوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائوں کی وجہ سے کمزور انفرااسٹرکچرکو نقصان ہوسکتاہے اور سمندر میں طغیانی ہوسکتی ہے، اس لئے ماہی گیر 2 دن احتیاط کریں۔