ہفتہ, دسمبر 13, 2025
اشتہار

پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی مزید توسیع

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی مزید توسیع کردی، دفعہ 144 کا نفاذ ہفتہ 22 نومبر تک جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی اور نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دفعہ 144 کا نفاذ ہفتہ 22 نومبر تک جاری رہے گا اور ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلی، دھرنے اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔

محکمہ داخلہ نے بتایا کہ دفعہ 144 کے تحت چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے، سوائے اذان اور جمعہ کے خطبہ کے لیے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم پر بھی پابندی برقرار رہے گی تاہم پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا، جبکہ سرکاری افسران، اہلکار اور عدالتیں پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

حکام نے بتایا کہ عوامی جلوس اور دھرنے دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں، اور شرپسند عناصر اس کا فائدہ اٹھا کر ریاست مخالف سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ نے کہا کہ یہ اقدام امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے، اور دفعہ 144 کے نفاذ کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لیے بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں