لاہور (18 اکتوبر 2025): محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 7 دن کی توسیع کر دی ہے اجتماعات پر پابندی ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 دن کی توسیع کر دی ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 38ویں اجلاس میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کی سفارش کی گئی تھی، جس کے بعد حکومت پنجاب نے دہشت گردی اور امن عامہ کے خدشات کے پیش نظر احکامات جاری کیے۔
محکمہ داخلہ نے جمعہ 24 اکتوبر تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور عوامی آگہی کے لیے اس کے نفاذ میں توسیع کی بڑے پیمانے پر تشہر کی ہدایت بھی کی ہے۔
دفعہ 144 کے تحت ہر قسم کے احتجاج، جلسے جلوس، ریلیوں، دھرنوں، اجتماعات اور تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔ جب کہ اس پابندی کے تحت چار یا اس سے زائد افراد عوامی مقامات پر جمع نہیں ہو سکیں گے۔
اس کے علاوہ پنجاب بھر میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ ورانہ مواد کی تشہیر پر بھی پابندی ہوگی۔
تاہم دفعہ 144 کے تحت اس پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا۔ لاوڈ اسپیکر صرف اذان اور نماز جمعہ کے خطبات کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں جب کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسران واہلکار اور عدالتیں بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر عوامی جلوس و دھرنا دہشت گردوں کیلیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے اور شرپسند عناصر عوامی احتجاج کا فائدہ اٹھا کر ریاست مخالف سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔ انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ اور امن وامان کے قیام کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری، سمری وفاق کو ارسال
خواجہ نصیر اے آر وائی نیوز لاہور سے وابستہ ہیں اور صوبہ پنجاب کی سیاسی خبروں پر نظر رکھتے ہیں


