محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیشِ نظر پنجاب بھرمیں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ، ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم تک ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے باقاعدہ احکامات اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس میں کہا یکم محرم سے لے کر 10 محرم الحرام دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
محرم الحرام کے روایتی جلوسوں اور مجالس کے دوران کسی بھی قسم کی نئی اختراع (نئی روایت یا تبدیلی) کی اجازت نہیں ہوگی، اس کے علاوہ اشتعال انگیز نعروں، مختلف فرقوں کے جذبات کو مجروح کرنے والے اشاروں اور فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات پر مکمل پابندی ہوگی۔
سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے نفرت آمیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ صوبے بھر میں بلا اجازت ہر قسم کے ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
جلوس کے راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں پر کسی بھی قسم کے مورچوں کی تعمیر پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ جلوس کے راستوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔
عزاداری کے جلوسوں کے دوران دکانوں کے تھڑوں اور عمارتوں کی چھتوں پر بطور تماشائی بیٹھنے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا شیڈول دیگر پابندیوں سے مختلف ہوگا۔
پنجاب بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا۔ تاہم، بزرگوں، خواتین، بچوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ صرف اور صرف امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کیونکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران عائد کی جانے والی ان پابندیوں کی میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ عوام الناس ان قوانین سے باخبر رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔


