لاہور (15 جنوری 2026): تعلیمی حکام نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اسکولوں سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سربراہان کو ہدایات جاری کر دیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محکمہ تعلیم کے حکام نے شہر میں واقع تمام اسکولوں کی چار دیواری کے ساتھ ریڑھی لگانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی تمام اسکولوں کے سربراہوں سمیت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ اسکول کی چار دیواری کے ساتھ ریڑھی لگنے پر متعلقہ حکام کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔
ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وارننگ کے باوجود ریڑھی نہ ہٹانے پر زونل ہیڈز متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کریں۔
ہدایت نامہ میں یہ بھی وارننگ دی گئی ہے کہ محکمہ تعلیم کی ٹیم کی مانیٹرنگ کے دوران اگر کسی بھی اسکول کی دیوار کے ساتھ ریڑھی لگی نظر آئی تو متعلقہ اسکول کا سربراہ ذمہ دار ہوگا اور اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


