کرک (27 ستمبر 2025): خیبر پختونخوا کے علاقے درشہ خیل میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی اہم کارروائی میں 17 خوارج ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق درشہ خیل میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، یہ علاقہ لکی مروت اور کرک کی سرحد پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 13 دہشتگرد ہلاک
انہوں نے بتایا کہ 22 خارجی دہشتگردوں پر مشتمل گروہ کو انتہائی مہارت سے گھیرا تنگ کر کے نشانہ بنایا گیا، آپریشن میں 17 خوارج مارے گئے جبکہ 7 سے 10 کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن فتنہ الخوارج کے ملا نذیر گروپ کے خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، علاقے کا امن کسی کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
بعدازاں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں بتایا کہ فورسز نے 26 اور 27 ستمبر کی درمیانی شب لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 17 بھارتی اسپانسرڈ خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک دہشتگرد فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، فورسز بھارت کے سرپرست دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلیے پرعزم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


