راولپنڈی (9 جون 2026): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں اہم کارروائی کرتے ہوئے 14 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، آپریشن میں بہادری سے لڑتے ہوئے ایک جوان شہید ہوگیا۔
مسلح افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بسیمہ کے علاقے نال میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، دہشتگرد قریبی پولیس اسٹیشن اور بینکوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر انداز میں روکا گیا اور بھرپور نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، دہشتگردوں کے زیر استعمال 4 گاڑیاں اور دیسی ساختہ بارودی مواد بھی موقع پر تباہ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں 27 خوارج ہلاک
بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں لانس حوالدار محمد عباس نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


