مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں حج 2026 کے لیے دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، مکہ شہر میں رش کی صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی افراد غیر قانونی طور پر حدود مکہ میں داخل ہونے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ایسے میں سعودی سکیورٹی فورسز نے حج ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں تیز کرتے ہوئے 18 غیر ملکی گرفتار کرلیے۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ ریجن میں پولیس نے اقامے، نسک کارڈ اور حج بریسلیٹ میں جعلسازی کے الزام میں 18 غیرملکیوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں پاکستانی اور افغان باشندے شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دس غیر ملکیوں کو جن میں سوڈانی، مصری اور یمنی شامل ہیں، بغیر اجازت مکہ میں داخل ہونے اور وہاں قیام کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا۔
اس سے قبل پانچ افغان باشندوں کو حج ضوابط کی خلاف ورزیوں پر گرفتار کیا گیا تھا جو صحرائی علاقے سے پیدل مکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
سعودی عرب: مقامی عازمینِ حج کے لئے اہم خبر
قانونی کارروائی کے بعد تمام افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔ وزارت نے تمام افراد پر زور دیا کہ’ وہ اس سال حج سیزن 2026 کے ضوابط پر عمل کریں۔ عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے تعاون کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


