پیر, اکتوبر 12, 2026
اشتہار

سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 34 دہشتگرد ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی (25 فروری 2026): سکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران دہشتگردی کے خلاف جاری بھرپور مہم کے تحت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تیز رفتار اور مؤثر کارروائیاں کیں جن میں مجموعی طور پر 34 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، کاروائیوں کا ہدف بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 24 فروری 2026 کو صوبہ خیبر پختونخوا میں چار مختلف جھڑپوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 دہشتگرد مارے گئے جبکہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں ایک کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 8 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل کے مقابل پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت بھانپ لیا، دراندازی کی کوشش کرنے والے اس گروہ کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک خوارجی مارا گیا، ہلاک دہشتگرد کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 خوارج ہلاک

بیان میں بتایا گیا کہ اسی دوران ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، مزید کارروائیوں میں ضلع بنوں کے علاقے نرمی خیل میں دو الگ جھڑپوں کے دوران 10 خوارج مارے گئے جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی میں 12 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔

پانچویں بڑی جھڑپ میں سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں خفیہ بنیادوں پر کارروائی کی جہاں شدید مقابلے کے بعد فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے اور یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

مزید کہا گیا کہ عزم استحکام کے تحت ملک گیر انسداد دہشتگردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے جبکہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور تلاشی کا عمل بھی جاری ہے۔

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں