کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کےاہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت پانچ دہشت گرد جہنم واصل کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی، جس میں فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پنجگور کے علاقے سرکینی اور چھیدگی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹرسائیکلیں، مشین گنز، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد پنجگور میں مقامی تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں فتنہ الہندوستان کے ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔


