اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد مبین عرف مجروح ہلاک ہوگیا۔ مارے گئے دہشت گرد سے ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مبین اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے تھل میں آپریشن کیا تھا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت غیور اور بہاؤ الدین کے نام سے ہوئی تھی، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولیاں اور ہتھیار برآمد کیے گئے۔