راولپنڈی : بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ایک انتہائی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن پنجگور کے علاقے میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، تاہم فورسز کی بھرپور اور کارآمد جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم اور گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، علاقے میں کسی بھی دوسرے ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھیں گے اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی اس دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔


