تازہ ترین

سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، 4 جوان شہید

راولپنڈی: ملک دشمن عناصر کے خلاف سییکیورٹی فورسز کی تابڑ توڑ کارروائیوں میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ مادر وطن کی حفاظت پر مامور 4 جوانوں نے شہادت کا رتبہ پایا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، کامیاب آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت شاہ زیب عرف ذاکر اور دانیال کے ناموں سے ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد اغوا برائے تاوان ، ٹارگٹ کلنگ و دیگر واقعات میں مطلوب تھے، آپریشن میں بڑی مقدار میں ہتھیار اور گولیاں تحویل میں لی گئیں ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ایک اور کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں کی، جہاں دہشتگردوں کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، اس دوران ایک دہشت گرد کو ہتھیاروں اور گولیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلےمیں 4 اہلکار شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں میں حوالدار منور، سپاہی ذکا اللہ، سپاہی فرحان اور سپاہی شیراز شامل ہیں۔

وزیراعظم نے میرعلی میں پاک فوج کے 4جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس جنگ میں متحد ہے، بزدل دشمن کا بہادر قوم سے مقابلہ ہے جو ہر مشکل میں ثابت قدم رہی۔

وزیراعظم نے دہشتگردی کےخاتمے کےلئےافواج پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

 

Comments

- Advertisement -