راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے حملوں کا جواب ہوئے 58 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ 10 جوان اور 5 شہری شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے۔
تاہم سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام حملے ناکام بنا دیے، دہشت گردوں نے گوادر میں خضدار کے بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد کو شہید کردیا ، بلوچ مزدور خاندان کے شہدا میں ایک خاتون اور 3 بچے شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کارروائیوں میں اب تک 58 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں اور فورسز حملہ آوروں کے تعاقب میں مختلف مقامات پر کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران ملک کی حفاظت کے لیے 10 بہادر جوان شہید ہوئے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ 48 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 41 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید آپریشنز اور فضائی نگرانی جاری ہے، بھارتی میڈیا، سوشل میڈیا کی فتنہ الہندوستان کی سپورٹ گٹھ جوڑ کو واضح کرتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور حملے ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید ہونے والے بہادر جوان قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے جان دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


